اسلام آباد + کراچی (خبرنگار خصوصی + آئی این پی) الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقہ این اے 246 میں 23 اپریل کو ہونے والا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے سے انکار کر دیا۔ الیکشن کمیشن کا مؤقف تکنیکی وجوہات کی بنا پر ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نہیں کرا سکتے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کیلئے قانون میں تبدیلی ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ وقت کی کمی بھی درپیش ہے۔ بائیو میٹرک نظام موجودہ نظام سے بالکل مختلف ہے جس کے تحت ووٹر براہ راست انگوٹھے کے نشان کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرتا ہے اس لئے اتنی قلیل مدت میں جبکہ الیکشن میں 4 روز باقی ہیں۔ این اے 246 کا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نہیں کرایا جا سکتا۔ واضح رہے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں این اے 246 کا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، سیکرٹری داخلہ، حساس اداروں کے افسران اور صوبائی وزرا شریک ہوئے تھے۔آئی این پی سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد اور ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) روشن عیسانی نے کہا ہے این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں رینجرز کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں ، شفاف الیکشن ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا ، تکنیکی مسائل کی وجہ سے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ضمنی الیکشن نہیں کرایا جاسکتا ، ماضی میں ضمنی الیکشنز میں ٹھپے لگتے رہے ہیں لیکن اب ہر صورت میں ضمنی الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، کراچی میں الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا رینجرز بنیادی طور پر پولنگ والے دن سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی ، ہر پولنگ سٹیشن میں ایک رینجرز اہلکار کھڑا ہونے کا مجاز ہوگا۔ ، رینجرز کو درجہ اول کے مجسٹریٹ کے اختیارات ہوں گے۔ رینجرز نے تجویز بھجوائی کہ بائیو میٹرک سسٹم پر پولنگ سٹیشن میں نصب کیا جائے جس پر ہم نے کمیشن بنایا جس نے بڑے غور کے بعد فیصلہ کیا اتنے قلیل وقت میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنا مناسب نہیں اس کیلئے قانون میں بھی تبدیلی ضروری ہے جس کی وجہ سے ہم نے رینجرز کی اس تجویز کو مسترد کیا ہے۔ ضمنی انتخاب کیلئے 3 لاکھ 58 ہزار 500 بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ، یہ عمل فوج رینجرز کی نگرانی میں ہوگا اور ایک اچھا الیکشن دیکھنے میں آئے گا۔ دریں اثناء صوبائی الیکشن کمشنر عیسانی نے کہا کہ ایسا الیکشن کرانا چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے چیف سیکرٹری الیکشن کمیشن نے این اے 246 ضمنی انتخاب کیلئے بیلٹ پیپر کیلئے کاغذ بازاری نہیں۔ بیلٹ پیپرز پاکستان پرنٹنگ پریس سے چھپوا رہے ہیں۔ ایک جماعت نے تین گھوسٹ پولنگ سٹیشنز کی شکایت کی ہے جس کی فوری طور پر انکوائری کرائیں گے۔حلقہ این اے 246میں تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے سکیورٹی پرنٹنگ پریس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے سکیورٹی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپرز چوری ہونے کا خدشہ ہے۔ بیلٹ پیپرز کراچی سے باہر کسی اور پریس سے چھپوانے چاہئیں تھے۔ رینجرز پولنگ سٹیشن پر گنتی کے عمل تک موجود رہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکرٹری الیکشن کمشن سے ایم کیو ایم کے برتائو کی شکایت کی ہے۔جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کے چیف پولنگ ایجنٹ مجاہد محمود اور آزاد امیدوار محفوظ یار خان نے بھی صوبائی الیکشن کمشن میں سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب سے ملاقات کی اور انہیں ضمنی انتخاب کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔