متحدہ عوام کو آزادی سے ووٹ ڈالنے دے‘ جماعت اسلامی میچ کھیلنا چاہتی ہے تو ٹھیک ہے: عمران

Apr 19, 2015

کراچی (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ کراچی میں خوف کی فضاکو امن کی حالت میں بدلیں گے، 23 اپریل کو  این اے 246 کا الیکشن بہت اہم ہے، ضمنی انتخاب جیتنے کے لئے پورا زور لگائیںگے۔ این اے 246 کے الیکشن میں تعین ہوگا کہ کراچی کس سمت میں جا رہا ہے۔ ایم کیوایم لوگوں کو آزادی سے ووٹ ڈالنے کا موقع دے۔ رینجرز پولنگ کے دن خوف کی فضا نہ بننے دے۔ 25 سال سے کراچی میں جو فضا رہی ہے اس سے پاکستان کو نقصان پہنچا، شہر کی روشنیاں دوبارہ لوٹانے کا وقت آگیا ہے۔ کراچی کے حالات بہتر ہوں گے تو پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ گھوسٹ پولنگ سٹیشن بنے تو الیکشن کمشن کے پاس جائیں گے۔ الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے انتخابات کو متنازعہ نہ بنائے۔ الیکشن کمشن پر شفاف انتخابات کے لئے بہت دبائو ہے۔ جماعت اسلامی میچ کھیلنا چاہتی ہے تو ٹھیک ہے۔ جوڈیشل کمشن کی اگلی سماعت میں مکمل تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ مسلم لیگ کی وفاقی حکومت نے کراچی کو نظرانداز کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ایک قومی جماعت ہے۔تحریک انصاف پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہتھیار نہیں اٹھائے۔ کراچی میں پڑھا لکھا طبقہ آگے آئے اور جمہوری نظام کا حصہ بنے۔ کراچی میںبھتہ خوری عروج پر ہے ۔بھتے سے کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل اندھیرے میں ہے،کراچی کے تاجر  حالات سے گھبرا کر سرمایہ کار بنگلہ دیش، ملائیشیا اور دبئی جا رہے ہیں۔کراچی کے پڑھے لکھے لوگ محدود ہوکررہ گئے ہیں۔ ضمنی الیکشن ایک نشست کے لئے نہیں ملک کے مستقبل کے لئے لڑرہے  ہیں۔ ایک نشست ہارنے  اور جیتنے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ پولنگ سٹاف کو غیرجانبدار رہنا چاہئے۔ الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے انتخابات کو متنازعہ نہ بنائے۔ جاوید میانداد کو کراچی کے کل کے  جلسے میں آنے کی دعوت دونگا۔ 126 روزہ دھرنے کے نتیجے میں جوڈیشل کمشن بنا، اس کی تشکیل بہت بڑی فتح ہے۔ حلقہ این اے 246  سے تحریک انصاف کے امیدوارعمران اسماعیل نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ہونیوالی ملاقات میں 4 گھوسٹ پولنگ سٹیشن کی نشاندہی کر دی  ہے۔ ایم کیوایم انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے ہم انہیں ایسا نہیںکرنے دیںگے۔ علاوہ ازیں عمران آج اتوار کو شاہراہ پاکستان پر جلسہ کرینگے۔

مزیدخبریں