میاں صاحبان پنجاب میں ہسپتال بناتے تو انہیں علاج کیلئے باہر نہ جانا پڑتا: یوسف گیلانی

Apr 19, 2016

لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو کہا ہے کہ آپ اپنی ٹیم بنائیں، ہم بینظیر بھٹو کی ٹیم تھے آپ اپنی ٹیم بنائیں۔پارٹی کی پہلے بھی خدمت کی ہے اب بھی کریں گے۔ ایشو کی بنیاد پر اورآئین کے دائرے میں رہ کر سیاست کرتے ہیں اور وہی کام کرتے ہیں جو عوام کے مفاد میں ہو۔ پیپلز پارٹی اخلاق سے گری ہوئی اور کمرشل سیاست نہیں کرتی ، ہم نے پہلے بھی جمہوریت کو بچایا تھا اور مستقبل میں بھی بچائیں گے۔ فرینڈلی نہیں بلکہ ذمہ دارانہ اپوزیشن ہیں۔میاں صاحبان پنجاب میں ہسپتال بناتے تو انہین علاج کیلئے بیرون ملک نہ جانا پڑتا۔جہاں بیروزگاری ہو گی وہیں دہشت گردی بھی ہوگی ، جنوبی پنجاب میں فوجی آپریشن کیلئے دعا گو ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق سیکرٹری اطلاعات راجہ عامر کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منظور وٹو، تنویر اشرف کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، چودھری منظور، رانا فاروق سعید خان، حیدر زمان قریشی، تسنیم قریشی، عابد صدیقی اور بیلم حسنین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ یوسف گیلانی نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے بعد کئی انکلز چھوڑ گئے مگربلاول بھٹو کے اصل انکل آج بھی انکے ساتھ کھڑے ہیں، قوم آج جس دوراہے پر کھڑی ہے اس میں اسے بلاول کی پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے ۔ اصل اپوزیشن پیپلز پارٹی ہی ہے۔ اس وقت کوئی نوجوان لیڈر ہے تو وہ بلاول بھٹو ہے، انہیں اپنے کارڈ صحیح طریقے سے کھیلنے چاہئیں تاکہ ان کی طاقت میں اضافہ ہو۔ مستقبل بلاول بھٹو کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے۔ منظور وٹو نے کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس اور ایمانداری کو پانامہ لیکس اور چھوٹو گینگ نے بے نقاب کردیا ہے۔ ثابت ہوگیا ہے کہ حکمرانوں نے اپنے عہدوں کا فائدہ اٹھایا اوراپنے بچوں کی جائیدادیں بنائیں۔ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کا آخری کارڈ ہیں۔ چیئرمین اپنی ٹیم بنائیں ہم ملکر انہیں کامیاب بنائیں گے۔

مزیدخبریں