کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اشفاق منگی بھی مصطفی کمال کے قافلے میں شامل ہو گئے۔ اشفاق منگی نے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کمال ہاؤس پہنچ کر کیا۔ اشفاق منگی کا کمال ہاؤس آنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کے استقبال کرنے والوں میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون، انیس ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ اشفاق منگی پی ایس 127 سے سندھ اسمبلی کے رکن ہیں۔ ان کے ہمراہ ایم کیو ایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے کئی اور عہدیدار بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ مصطفی کمال نے اس موقع پر کہا یہ نہ رکنے والا سلسلہ ہے، کسی سے طاقت چھیننے نہیں امن محبت بانٹنے بلکہ لوگوں کو ٹارگٹ کلر بننے سے بچانے آئے ہیں، مقابلے پر جو زیادہ زور سے باتیں کر رہا ہے وہ سب سے زیادہ ہم سے رابطے میں ہے۔ اشفاق منگی نے سندھ اسمبلی کی رکنیت اور متحدہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا عوام سے معذرت کرتا ہوں ان کی خدمت نہیں کر سکا، سچ کا ساتھ دینے مصطفی کمال پارٹی میں آیا ہوں۔