اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں+ خصوصی رپورٹر) عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے حکومتی کمشن کو جو بھی قبول کریگا ہم سمجھیں گے کہ اس نے اسکی قیمت وصول کی ہے۔ برطانیہ سے واپسی کے بعد بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے غیرجانبدار کمشن قائم کیا جائے تاکہ کرپشن میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا مل سکے، پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ایسا کوئی بھی کمشن قبول نہیں جو چیف جسٹس کی سربراہی میں نہ بنے، ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں بننے والا کوئی بھی کمشن قوم کے ساتھ مذاق ہوگا اور جو بھی ایسے کسی بھی کمشن کو قبول کریگا، اسکا مطلب یہ ہوگا کہ اس نے شریف برادران سے قیمت وصول کی ہے۔ پانامہ لیکس کا عالمی پیمانے پر منظر عام پر آنا پاکستان کے لئے اللہ تعالیٰ کا سنہری موقع ہے۔ اسکے ذریعے ہم پاکستان میں تبدیلی لاسکتے ہیں، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پرامن طریقے سے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمشن بنایا جائے لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو پھر مجبوری میں ہم کوئی بھی اقدام کر سکتے ہیں۔ اگر پانامہ سکینڈل کی درست تفتیش ہوئی تو اس ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے لیکن اگر ہمارا مطالبہ قبول نہ کیا گیا تو ملک گیر سطح پر بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے نوازشریف کی بیٹی نے کمشن تشکیل دیا جسے تسلیم نہیں کرتے۔ پانامہ لیکس تحقیقات سے اداروں اور افراد کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر تحریک انصاف کی پرامن تحریک میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو حکومت کو سنگین نتائج بھگتنا ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا تشکیل کردہ کمشن تحقیقات نہیں بلکہ خود کو الزامات سے بری کرانے کیلئے ہے۔ دعا ہے اللہ وزیراعظم کو صحت و تندرستی دے اور وہ جلد وطن واپس لوٹیں۔ دوسری جانب عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک انصاف کا پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے حکومت پر دبائو بڑھانے اور سیاسی جماعتوں سے روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے عمران خان نے کہا کہ ہر فورم پر پانامہ لیکس کا معاملہ اٹھائیں گے۔ تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پارٹی رہنمائوں نے یوم تاسیس کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں بھی عمران خان کو بریفنگ دی۔ عمران نے کہا ہے کہ کوئی ساتھ آئے یا نہ آئے پانامہ لیکس کی تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکمرانوں کے خلاف جلد مزید ثبوت سامنے آنے والے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج منگل کو شاہ محمود قریشی کی صدارت میں ہو گا۔ جس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے اب تک ہونیوالی پیش رفت اور سیاسی قائدین سے ملاقاتوں پر غور کیا جائیگا۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں عمران نے کہا کہ پہلی بار شریف خاندان مشکل میں پھنسا ہے اسے نکلنے نہیں دیتا، مئی میں پانامہ لیکس کی نئی قسط آ رہی ہے، جلدبازی میں کوئی ناپختہ فیصلہ نہیں کرینگے۔ اجلاس میں اہم رہنماؤں میں اس حوالے سے اختلاف پایا گیا کہ 24 اپریل کو جلسے میں سٹیج پر کون بیٹھے گا، رائے ونڈ دھرنے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔
نواز شریف کی بیٹی کا کمشن تسلیم نہیں جومانے گا سمجھیں گے قیمت وصول کی :عمران
Apr 19, 2016