لاہور، ملکوال، شیخوپورہ: والدین سے جھگڑے اور پسند کی شادی نہ ہونے پر لڑکی سمیت تین افراد کی خودکشی

Apr 19, 2017

لاہور+شیخوپورہ +ملکوال (نامہ نگاران) والدین سے جھگڑے اور محبت میں ناکامی پر لڑکی سمیت 3 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ بادامی باغ کے علاقے لاریکس کالونی کے تنویر کی بیٹی صبا نے والدین سے جھگڑے کے بعد زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت خراب ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہونگے۔ شیخوپورہ میں قصبہ کالا شاہ کاکو میں 18 سالہ نوجوان عدنان نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل کر زندگی ختم کرلی۔ مزید برآں ملکوال میں محبت میں ناکامی پر نوجوان اور لڑکی نے زہریلی گولیاں کھا لیں ، نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا ، لڑکی کو بچا لیا گیا۔ ابراہیم اپنے ہی محلہ کی لڑکی کو پسند کرتا تھا لیکن رشتہ نہ ہونے پر دونوں نے زہریلی گولیاں کھا لیں جس پر انہیں پہلے ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال لے جایا گیا جہاں ابراہیم دم توڑ گیا جبکہ لڑکی کیحالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔

مزیدخبریں