اسلام آباد (وقائع نگار) ایسٹر کی رات ضیاءمسجد نیو شکریال میں نشے میں دھت اوباش نوجوانوں کی فائرنگ اور مارکٹائی سے زخمی ہونے والے نواز مسیح کے بازو سے گولی نکال لی گئی۔ وہ زخمیحالت میں پمس کے سرجیکل وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔ ملزمان نعمان، کبڑا، مون، عامر کشمیری اور تابش وغیرہ کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایف آئی آر درج کرادی گئی تھی۔ 2ملزمان گرفتار بھی ہوئے مگر بعدازاں رہا کردیئے گئے۔ واقعہ میں نواز مسیح کی بھابھی بھی زخمی ہوئی اوباش نوجوانوں نے خاتون کے دانت توڑدیئے۔ 20فٹ گلی بازار کی مسیحی برادری عدم تحفظ کا شکار ہے۔ اگرچہ ایف آئی آر تو درج ہے مگر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پمس میں داخل نواز مسیح کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیرداخلہ چودھری نثار، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری، پی پی کے امیدوار حلقہ مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت دیگر متعلقہ سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔