راولپنڈی (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے بگ بورڈ ایڈوائزری سروس پرائیویٹ لمیٹڈ کے مفرور چیف ایگزیکٹو عباس حیدر نقوی کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعے بدعنوانی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے جیسے جرائم کا ارتکاب کیا۔ ملزم کی کمپنی نے گلگت بلتستان کے مختلف قصبوں میں اپنے برانچ دفاتر کھول کر لوگوں سے بھاری رقوم ہتھیائی ہیں۔ تحقیقات کے دوران نیب کو ملزمان کے خلاف 18 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد واجبات سے متعلق 1019 شکایات موصول ہوئیں۔ اس دوران کمپنی کے چار ڈائریکٹرز سید سروش حیدر رضوی، محمد عارف خان، محمد صادق خان اور احمد رحمان کو کراچی سے گرفتار کیا گیا۔