اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے یورپی یونین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی حالت زار سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وفد نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ مشیر خارجہ نے گزشتہ چار برس کے دوران جمہوریت کے استحکام، معاشی ترقی اور انسداد دہشت گردی ، علاقائی منظرنامہ اور اس بارے میں پاکستان کی اپروچ سمیت ملک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کی سطح اور نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مہمان وفد نے انسداد دہشت گردی، انسانی حقوق اور معاشی ترقی میں اس پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی بات کی گئی۔