لاہور(نامہ نگاران+آئی این پی+ صباح نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 12شہری جاں بحق‘ 4زخمی ہوگئے۔ بھکر، منکیرہ سے نامہ نگاران کے مطابق جھنگ بھکر روڈ پر کیسانوالہ کے قریب مسافر وین اور کار میں تصادم، 6افراد جاں بحق‘19زخمی ہوگئے۔ بھکر سے جھنگ جانے والی مسافر کوچ اور کار میں بھکر کی تحصیل منکیرہ کے نواحی علاقہ کیسانوالہ میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں عامر حسین،ریاض حسین،صفدر‘عامر چھینہ،وغیرہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمیوں میں نسرین بی بی،آسیہ بی بی،زاہدہ بی بی،بریرہ احمد ،صغریٰ بی بی ،محمد اکرم،غلام محی الدین شامل ہیں۔حادثہ میں زخمی ہونے والے 3افراد کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثہ تیز رفتاری اور کار کا ٹائی راڈ کھلنے کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق افراد کو گاڑیاں کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھکر کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔دوسری جانب پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار اور حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق موٹر وے ایم تھری پر تیز رفتار مسافر بس کی کار کو ٹکرسے1خاتون سمیت ایک خاندان کے4افراد جاں بحق،2 شدید زخمی ہوگئے۔ مختار اپنی فیملی کے ہمراہ کار پر سوار ہو کر ککڑ ہٹھہ سے راولپنڈی اپنے رشتہ داروں سے ملنے جا رہے تھے کہ جب وہ موٹروے ایم تھری پنڈی بھٹیاں نہر جھنگ برآنچ کے قریب پہنچے تو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار مسافر بس نے کار کو ٹکر مار دی،جس کے نتیجہ میں کار بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں مسمات فرحت بی بی،ناصر حسین اور عابد حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور 3افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کر دیا گیا جہاں ممتاز حسین کو تشویشناک حالت کے باعث الائیڈ ہسپتال ریفر کر دیا مگر تاب نہ لاتے ہو ئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں ٹیکسلا کے قریب جی ٹی روڈ پر ڈمپر مسافر وین سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں 15افراد زخمی ہوگئے‘ 6زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں بہاولپور سے 30 کلومیٹر دور نور پور پلی کے قریب گزشتہ روز بس اور ٹرک کے تصادم میں 2 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔ بس کراچی سے بہاولپور آرہی تھی جبکہ بہاولپور سے ٹرالا احمد پور شرقیہ والی جا رہا تھا۔ حادثے میں خیرپور ٹامیوالی کا رب نواز اور جعفر آباد کا یونس جاں بحق ہوئے۔ ریسیکو 1122 نے زخمیوں اور نعشوں کو وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کردیا۔ پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔پیر محل میں شورکوٹ روڈ پر واقع گائوں 333/ گ ب کے قریب تیزرفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں خاتون نائلہ بی بی اپنے تین سالہ کمسن بیٹے سمیت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ حادثہ میں متوفیہ کا شوہر بلال زخمی ہوگیا۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کرکے کار ڈرائیور کیخلاف کارروائی شروع کردی۔
مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ایک خاندان کے 4 افراد سمیت 14 جاں بحق 50 زخمی
Apr 19, 2017