جامشور (آئی این پی ) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے،سی پیک کے تحت پاکستان میں 50ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہورہی ہے،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے دنیا کا محفوظ ملک ہے،2018تک ملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی،10ہزار میگاواٹ بجلی ایک سال میں نظام میں آئے گی،ملک کو بہترین معیشت بنانا ہمارا وژن ہے۔عمران خان وزیراعظم بننا چاہتے ہیں تو 2018ء تک الیکشن کا انتظار کریں۔منگل کو جامشورو میں سی پیک پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں موٹرویز اور توانائی کے منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں،پاکستان اور چین اقتصادی تبدیلی کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا سندھ سمیت پورے ملک کو اقتصادی راہداری سے فائدہ ہوگا،ملک کو بہترین معیشت بنانا ہمارا وژن ہے،گزشتہ تین سال میں ہائرایجوکیشن کمشن کا بجٹ 215ارب روپے کیا،چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے پاکستان کا مستقبل روشن ہے،سی پیک کے تحت صرف توانائی کے شعبے پر 35ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ 2018کے الیکشن میں عوام جو فیصلہ کرینگے وہ سب کو قبول ہوگا،عمران خان عدالتوں سے اپنی مرضی کا فیصلہ چاہتے ہیں،عوام دھرنوں اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔
سی پیک‘ پاکستان میں 50ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے: احسن اقبال
Apr 19, 2017