لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون کے مقدمہ قتل میں عدالت نے مفرور ملزم پرویزمشرف کے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی .عدالت نے اپنے مختصر فیصلہ میں کہا ہے کہ تفتیشی افسر کو یہ اختیار ہے کے وہ ریڈ وارنٹ کے اجراء کے حوالے سے اقدامات کرے۔مدعی مقدمہ صاحبزادہ ہارون الرشید غازی کے وکیل طارق اسد نے عدالتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے بشمول وفاقی حکومت ملزم پرویزمشرف کو بچانے کی کوشش کررہی ہے،ان حالات میں ایسے فیصلے کی توقع تھی،پرویزمشرف کے ریڈوارنٹ کے اجراء کے لئے ہر قانونی آپشن کو استعمال کرتے ہوئے آخری حدتک جائیں گے،یہ مقدمہ ہمارا ذاتی مقدمہ نہیں بلکہ شعائر اسلام کی بے حرمتی اور سینکڑوں معصوم طلبہ و طالبات کے قتل کا ہے،دیدہ و نادیدہ قوتیں پرویزمشرف کو تحفظ دینے کی جتنی بھی کوششیں کرلیں لیکن فتح انشاء اللہ حق کی ہوگی اور پرویزمشرف کو شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔طارق اسد ایڈووکیٹ نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ میرے علم میں بہت سے اہم مقدمات ایسے ہیں کہ جن میں ججز نے دبائو یا لالچ کی بنیاد پر ڈیل کیئے،ایسے مقدمات کی تفصیلات ثبوتوں کے ساتھ مناسب وقت میں منظرعام پر لائوں گا۔تفصیلات کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون کے مقدمہ قتل کی سماعت آج ہوئی۔ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویزالقادر میمن نے مقدمے کی سماعت کی۔عدالت نے دوہرے قتل کے مقدمے میں نامزد مفرور ملزم پرویزمشرف کے ریڈوارنٹ جاری کرنے کے متعلق 27مارچ کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنا دیا،ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویزالقادر میمن نے مدعی مقدمہ صاحبزادہ ہارون الرشید غازی کی جانب سے مفرور ملزم پرویزمشرف کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری عمل میں لانے کے متعلق دائر درخواست کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مدعی مقدمہ کی جانب سے دائر درخواست مسترد کردی .عدالت نے اپنے مختصر فیصلہ میں کہا ہے کہ تفتیشی افسر کو یہ اختیار ہے کہ وہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈوارنٹ کے اجراء کے حوالے سے اقدامات کرے۔عدالت نے پرویزمشرف کی جانب سے اخراج مقدمہ کے لئے دائر درخواست کسی دوسرے جج کو منتقل کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھیج دی،عدالت نے پرویزمشرف کی جانب سے اخراج مقدمہ کے متعلق درخواست ملزم کے وکیل کی استدعا پر کسی دوسرے جج کو منتقل کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھیجی ہے.ملزم کے وکیل اختر شاہ نے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ وہ اس عدالت میں اپنی درخواست کی سماعت نہیں چاہتے،لہٰذا درخواست کسی دوسرے جج کو منتقل کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو واپس بھیجی جائے۔
عبدالرشید غازی قتل کیس:عدالت نے پرویزمشرف کے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی
Apr 19, 2017 | 18:31