واشنگٹن(آن لائن+اے ایف پی)امریکہ کی سابق خاتون اول اور خواندگی کی مہم چلانے والی اہم شخصیت باربرا بش کا 92 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ان کا تعلق دو امریکی صدور سے رہا۔ وہ جارج ایچ ڈبلیو بش کی اہلیہ اور جارج ڈبلیو بش کی والدہ تھیں۔باربرا بش 1989 سے 1993 تک خاتون اول رہیں۔ ان کی صحت ایک عرصے سے خراب تھی اور انہوں نے حال میں علاج کرانے سے انکار کر دیا تھا۔وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مسز بش کو ملک اور فیملی کے ساتھ عقیدت کے لیے زمانے تک یاد کیا جائے گا اور انہوں نے 'دونوں کی وفاداری کے ساتھ خدمت کی۔سابق صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما نے انہیں ’خاندان کی چٹان' سے تعبیر کیا جو کہ عوام کی خدمت کے لیے وقف تھا۔ سابق صدر بل کلنٹن نے کہا کہ مسز بش 'اپنے خاندان اور دوست، اپنے ملک اور اپنے کاز کے لیے لڑنے والی تھیں۔