لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب سمیت ملک بھر میں2017کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے 445 پوزیشن ہولڈرطالبعلموں اور 385اساتذہ کرام میں گزشتہ روز ایوان اقبال میں منعقدہ تقریب میں 19 کروڑ 10لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کردئیے ۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے اپنے خطاب میں انعام حاصل کرنے والے طالبعلموں اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہر طالبعلم کو بالترتیب 4لاکھ، 3لاکھ اور 2لاکھ روپے جبکہ اساتذہ کو 2لاکھ، ڈیڑھ لاکھ اور ایک لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا ہے۔ اب تک ایک ارب 13 کروڑ 80 لاکھ روپے ہونہار طلبہ میں تقسیم کئے۔پنجاب پولیس کے دستے نے پوزیشن ہولڈرز کو ’گارڈ آف آنرز‘ بھی پیش کیا۔ 2017میں بلوچستان تعلیمی بورڈ سے انٹر سائنس گروپ میں ٹاپ کرنے والے طالبعلم نجیب اللہ ناصر نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ پنجاب کے ساتھ دیگر صوبوں اور آزاد کشمیر کے طالبعلموں کو انعامات کیلئے بلایا گیا۔