ازبک وفد کی ملاقات ، علاقائی امن سے مقدم کچھ نہیں : آرمی چیف

Apr 19, 2018

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے حکومتی وفد نے ملاقات کی‘ ازبک وفد نے باہمی روابط سے تجارت‘ سکیورٹی اور فوجی تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا‘ وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور پاک فوج کے تجربے سے مستفید ہونے کا عندیہ دیا‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے حکومتی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ازبک وفد نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔ ازبک وفد کی سربراہی سیکرٹری سکیورٹی کونسل وکٹر ولادیمیروچ کررہے تھے۔ وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور پاک فوج کے تجربے سے مستفید ہونے کا عندیہ دیا۔ ازبک وفد نے باہمی روابط سے تجارت‘ سکیورٹی اور فوجی تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاعلاقائی سکیورٹی کے لئے ازبکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کریں گے۔ علاقائی امن اور سلامتی سے زیادہ کچھ مقدم نہیں ہے۔ پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کرنا قابل تحسین ہے۔ علاقائی امن اور سلامتی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ازبکستان کے وفد نے تجارت‘ رابطہ کاری ‘ سلامتی اور افواج کے مابین تعاون سمیت تمام شعبوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کے حقیقی استعداد کار سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ازبک وفد نے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے بھرپور انداز میںاستفادہ کیا جانا چاہئے۔

مزیدخبریں