لاہور(خصوصی رپورٹر)شہبازشریف نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی آنے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں۔صنعت و تجارت میںنمایاں بہتری آ رہی ہے۔وزیراعلی شہبازشریف نے یہ بات گورنر سندھ زبیر، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سعید ایاز شیرازی اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے عہدیداروں سے گفتگو میں کہی۔ وزیراعلی نے کہاکہ اللہ کے فضل وکرم اور مسلم لیگ( ن) کی قیادت کی کاوشوں سے انرجی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے وہ وقت دور نہیں جب لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن کر رہ جائے گی۔ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آنے سے کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر شہروں میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں۔انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھ چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کراچی میں امن وامان برسوں سے خواب بن چکا تھا۔ پاک فوج او ردیگر قانون نافذ کرنے والے ادار وں کی کاوشوں اور قربانیوں سے کراچی میں امن لوٹ آیاہے جس کا کریڈٹ بلاشبہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو ہی جاتا ہے جس نے نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے ملک بھر میں دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے لئے یکسو ہوکر کام کیا۔ پاکستان ہم سب کا ہے، ہم سب نے اسے مل جل کر چلانا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے سب کو مل جل کر تندہی سے کام کرنا ہے۔ شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) خیبرپی کے کے صدر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپی کے کے عوام کو تبدیلی اور انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ ’’بلین ٹریز‘‘ کے نام پر دھوکہ دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہو سکتے ہیں۔ خیبرپی کے میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب مسلم لیگ (ن) لائے گی۔ پشاور سمیت کے پی کے کے بڑے شہروں میں میٹروبس اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم لائیں گے۔ شہبازشریف نے سینئر جرنلسٹ سہیل جاوید اور مخدوم وجاہت حسین گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف
خیبر پی کے میں تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیاگیا ، انقلاب مسلم لیگ لائے گی : شہباز شریف
Apr 19, 2018