اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس عوام کی خدمت کو اپنا منشور بنا کر لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے ، کمیونٹی کو شامل کئے بغیر پولیس کوکامیابی ملناناممکن ہے اسی لئے آج دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک بھی کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں،وفاقی دار الحکومت میں مصالحتی کمیٹیاں بہترین انداز میں کام کر رہی ہیں، وفاقی پولیس میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی زیر صدارت تمام تھانوں کی مصالحتی کمیٹیوں کے ارکان اور تھانوں کے ہیومن رائٹس آفیسرز کا اجلاس ہوا، جس میں اے آئی جی آپریشنز عصمت اللہ جو نیجو،ایس پی انویسٹی گیشن زبیر احمد شیخ اور دیگر پولیس افسروں سمیت ہیومن رائٹس آفیسرز اور مصالحتی کمیٹیوں کے 200 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ آج کے دور میںاگر پولیسنگ کا کوئی کامیاب طریقہ کار ہے تو وہ کمیونٹی پولیسنگ ہی ہے جو پوری دنیا میں رائج ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں کمیونٹی پولیسنگ کو ہمیشہ فروغ دیا گیا ہے ، پولیس کبھی بھی معاشرے سے الگ ہو کر کامیاب نہیں ہو سکتی عوام ہمارے صارفین ہیں ،پولیس کا کام عوام کی خدمت اور انہیں بہترین ماحول فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے مصالحتی کمیٹیوں کے ارکان کا تقرر مکمل چھان بین کے بعد کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آپ اپنی نجی مصروفیات کو ترک کر کے پولیس کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں مصالحتی کمیٹیوں کے نمائندے سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کو ترجیح دیں،اسلام آباد پولیس کی جانب سے آئندہ مصالحتی کمیٹیوں کے ارکان کو خصوصی کارڈ جاری کئے جائیں گے میں کسی پارٹی کا کوئی سیاسی عہدیدار شامل نہیں اور تمام نمائندے اچھے کردار کے حامل ہیں اسلام آبادکے تمام تھانوں کو ماڈل پولیس سٹیشن بنایا جا رہا ہے اور جن پولیس سٹیشن کو ماڈل بنا دیا گیا ہے ان میں ایک ہی چھت تلے شہریوں کو ہر طرح کی سروس فراہم کی جا رہی ہے اور عوام کی طرف سے بھی پولیس کے ان اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔