اسلام آباد (اے پی پی ) وزارت انسانی حقوق نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوری 2011ء سے 2017ء تک خواتین پر تشدد سے متعلق 51241 کیس رجسٹر کئے گئے۔ اس عرصہ کے دوران سب سے زیادہ گھریلو تشدد کے 15461 واقعات سامنے آئے۔ وزارت کو صوبائی محکمہ پولیس سے موصول ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خواتین پر تشدد کے 2011ء میں 8418، 2012ء میں 8845، 2013ء میں 7573، 2014ء میں 7741، 2015ء میں 6527، 2016ء میں 8013 اور گزشتہ سال کے دوران 4066 کیسز سامنے آئے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ان واقعات میں خواتین پر گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر قتل، جلانا، جنسی زیادتی، کام کرنے کی جگہوں پر ہراساں کرنے سمیت دیگر جرائم شامل ہیں۔