پشاور میں داعش کی دہشتگردی کا بڑامنصوبہ ناکام ،بھاری ہتھیار اور بارودی مواد برآمد

پشاور(بیورورپورٹ)پشاور پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے تباہی پھیلانے کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ، پولیس نے مکان کے اندر زیر زمین چھپائے گئے اینٹی ٹینک مائنز، راکٹ لانچرز، مارٹر گولے،ٹیل آر پی جی سیون، ڈیٹو نیٹرز، راکٹ لانچر گولے،خود کش جیکٹوں میں استعمال ہونے والا بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد کرلیا جبکہ مبینہ دہشت گرد پولیس چھاپے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور جاوید اقبال نے بدھ کے روز پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہیں خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ پشاورمیں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کی غرض سے تھانہ ریگی کی حدود میں کسی نامعلوم مقام پر دہشت گردوں عبداللہ اورممتاز نے خطرناک بارودی مواد زیر زمین چھپا رکھا ہے اس اطلاع پر انہوں نے ایس پی رورل شفیع اللہ گنڈا پور کی نگرانی میں ڈی ایس پی ریگی رحیم حسین، ایس ایچ او ریگی عمران الدین خان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے دیا جس نے پیشہ ورانہ مہارت سے ریگی کے علاقہ محلہ غزالی گڑھی میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مارا لیکن مکان میں مذکورہ ملزمان موجود نہیں تھے تاہم مکان میں چیکنگ کرتے ہوئے صحن میں مختلف جگہوں کی کھدائی کی گئی جس کے دوران زمین کے اندر پلاسٹک کے ڈرموں میں چھپائے گئے خطرناک قسم کا بارودی مواد اوراسلحہ برآمد کرلیا جوکہ دہشت گردوں نے پشاورمیں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کیلئے مکان کے صحن میں دفنا رکھا تھا ۔ ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ برآمد کئے جانے والے بارودی مواد میں 3 اینٹی ٹینک بھاری مائینز(بم)،ایک عدد راکٹ لانچر، 3 عدد راکٹ لانچر گولے، 7 عدد 81 ایم ایم مارٹر گولے، 9 ٹیل آر پی جی 7، 100 عدد الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، 18 عدد ٹائم پنسل، خود کش جیکٹ میں استعمال ہونے والے تین عدد لیڈپیسز،10 عددایگ نیٹر سیٹ برائے بارودی ہینڈ گرینیڈ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے جو چھاپے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ملزمان عبد اللہ ولد ممتاز اور ممتاز ولد امین اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی جاوید اقبال نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے بروقت کاروائی سے پشاوربڑی تباہی سے بچ گیا۔
دہشت گردی منصوبہ ناکام

ای پیپر دی نیشن