جارحانہ بیٹنگ کروں گا، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنے انتخاب کو درست ثابت کروں گا: فخر زمان

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنے انتخاب کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرونگا۔ ٹیم مینجمنٹ کی ڈیمانڈ پر قومی ٹیم کے لئے بطور اوپنر یا مڈل آرڈر بیٹسمین کھیلنے کے لئے تیار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار فخر زمان نے تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ ہی ہے جسے کھیلنا ہر کرکٹر کا ایک خواب ہوتا ہے۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں سلیکشن ہوئی اور کامیابی ملی ، اسی طرح اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی سلیکشن کو درست ثابت کروں گا۔ ڈومیسٹک کھیلتا ہوں اس میں بھی اچھی کارکردگی رہی تھی۔ جارحانہ اوپنر نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا قدرتی کھیل کھیلتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کروں گا۔اپنی سلیکشن کے بارے میں جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک کا اپنا نقطہ نظر ہے لہذا وہ اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن کوچز کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔ انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کھیل چکا ہوں اور کنڈیشنز سے بھی آشنا ہوں، اگرچہ انگلینڈ کے باولر کو زیادہ نہیں کھیلا لیکن اتنا پریشر نہیں ہوگا، خود کو ایڈجسٹ کروں گا۔ انگلینڈ کھیلنے بارے کوچز اور سینئرز سمجھاتے ہیں کہ انگلینڈ کی کنڈیشن مختلف ہیں تو ان کی نصیحت کو اپناوں گا۔ فخر زمان نے کہا کہ سمیع اسلم کے ساتھ ریگولر کھیلتا ہوں جبکہ امام الحق کے ساتھ بھی کھیل چکا ہوں لہذا انہیں کسی کے ساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر اوپنگ کا موقع ملتا ہے تو اپنا جارحانہ انداز اپناوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں برینڈن مکلم کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور اسی لئے دن بدن بہتری آ رہی ہے۔ مستقبل بارے ان کا کہنا تھا کہ مختلف مملاک میں ہو نے والی لیگز میں زیادہ شرکت کی بجائے پاکستان کے لئے تینوں فارمیٹ کھیلنے پر توجہ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی باولروں میں انگلینڈ کو دو دفعہ آوٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن