اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے آئندہ دورہ ایران کے حوالے سے گفتگو ہوئی، دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ایران کے صدر کی دعوت پر 21 اپریل سے ایران کا دو روزہ دورہ کریں گے، یہ ان کا ایران کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم آج پشاور کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ مصروف ترین دن گزاریں گے جس میں وہ گورنر خیبر پی کے شاہ فرمان وزیراعلیٰ محمود خان سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کریں گے انہیںقبائلی علاقوں کے انضمام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائیگی وزیراعظم لا اینڈ آرڈر پر اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے علاوہ ازیں عمران خان اورنگزائی میں عوامی اجتماع سے خطاب اور پشاور میں صحت کارڈ کی تقسیم کریں گے۔