لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)لیجنڈری فٹ بالر آئن رش نے پاکستان روانگی سے قبل بدھ کو لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا سے ملاقات کی۔ آئن رش فٹ بال کو فروغ دینے کی غرض سے رواں ہفتے پاکستان کے دورہ پر آ رہے ہیں۔ ہائی کمیشن آمد پر پاکستانی ہائی کمشنر نے فٹ بالر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ ہائی کمشنر نے آئن رش کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی زیادہ تر آبادی باصلاحیت نوجوانوں پر مشتمل ہے جسے پیشہ وارانہ سطح پر بین الاقوامی کھیل فٹبال کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان پہلے ہی عالمی فٹبال کا حصہ ہے کیونکہ دنیا کے بہترین فٹبال سیالکوٹ میں تیار کئے جاتے ہیں۔ پاکستانی فٹبال کو فیفا 2014 اور 2018 عالمی کپ کیلئے آفیشل فٹ بال قرار دے چکا ہے۔ ہائی کمشنر نے آئن رش اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئن رش کا شمار لیور پول کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، دنیا بھر میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کا فروغ ان کا بنیادی مقصد ہے۔ وہ پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دینے کیلئے فٹ بال فائونڈیشن آئی آر 9 قائم کریں گے۔
لیجنڈری فٹبالر آئن رش کی لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا سے ملاقات
Apr 19, 2019