چارسدہ/ باجوڑ (صباح نیوز) چارسدہ اور باجوڑ میں بارشوں کی وجہ سے خستہ حال مکانوں کی چھتیں گرنے کے نتیجہ میں خواتین او ر بچوں سمیت6 افراد جاں بحق اور 6زخمی ہو گئے۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقہ عنایت کلے میں گھر کی خستہ حال چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں تاجب گل، اس کی اہلیہ اور تین سال کی بچی دم توڑ گئی جبکہ تین افراد زخمی بھی ہو گئے۔ چارسدہ کی تحصیل تنگی کے علاقہ بہرام ڈہری میں کچے مکان کی چھت گر گئی۔ ملبہ تلے دب کر میاں، بیوی اور ایک بیٹی جاں بحق اور تین بچے زخمی ہو گئے۔ زخمی بچوں کو علاج کے لئے پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ تین دنوں میں مغرب سے آنے والے موسمی سلسلے کے باعث پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں اور آندھیوں سے بدھ تک ملک بھر میں کم از کم 49 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ 176 زخمی ہیں اور 117 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔