بھکر/ بھیرہ/ بھلوال/ عارفوالہ/ سرگودھا/ مانسہرہ/ فیروزوالا (نامہ نگاران + نمائندگان + اے پی پی) بھکر میں 55 کرونا پازیٹو مریضوں کو صحتیابی پر گھر بھیج دیا گیا۔ سمبڑیال میں بھی تین مریض تندرستی پر گھر پہنچ گئے۔ بھلوال میں ریسکیو 1122 ڈرائیور بھیرہ کے سابق وائس چیئرمین کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ دونوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا۔ عارفوالہ میں دو کانسٹیبل ایک لیڈی کانسٹیبل وباء کا شکار ہو گئے۔ سرگودھا میں تبلیغی جماعت کے 13 میں سے 6 ارکان آئسو لیشن وارڈ منتقل۔ مسجد کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا جبکہ قرنطینہ میں رکھے گئے 56 میں سے 44 افراد کا رزلٹ مثبت آ چکا ہے۔ عارفوالہ میں کرونا وائرس کے تین اور کیسز سامنے آ گئے، ایک لیڈی کانسٹیبل، دو کانسٹیبلز اور ہسپتال کی سٹاف نرس کے کرونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔ لیڈی کانسٹیبل زاہدہ بی بی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پولیس خدمت سنٹر پر جبکہ دو کانسٹیبل فرخ حسین اور بشارت علی تحصیل ہیڈکوارٹر کے آئسولیشن وارڈ میں ڈیوٹی دے رہے تھے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اہم عہدیدار سمیت متعدد ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کے خون کے نمونہ جات بھی کرونا ٹیسٹ کے لئے بھجوائے جا چکے ہیں۔ تحصیل سمبڑیال کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے کرونا وائرس سے متاثرین تین مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں میں پہنچ گئے۔ بھلوال کے سرکاری ملازم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ ڈرائیور 1122 ملک آصف کو بھلوال کرونا وارڈ آئسو لیشن وارڈ سول ہسپتال میں داخل کر کے اس کا علاج شروع کر دیا گیا۔ مبینہ طور پر تین ڈاکٹر محمد بلال ڈاکٹر نعیم اشرف ڈاکٹر محسن اقبال کے ٹیسٹ بھی لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔ میونسپل کمیٹی بھیرہ کے سابق وائس چیئرمین کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ شیخ ممتاز حیدر انصاری کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ گھر کو قرنطینہ سنٹر قرار دے کر گھر کے 11 افراد کے بیرونی رابطوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ قرنطینہ سنٹرکالاشاہ کاکو میں زیرعلاج کروناکے دو مشتبہ مریض فرار ہوگئے، سیکورٹی عملہ نے جدوجہد کر کے ایک مریض کامران خان کو پکڑ کر دوبارہ سنٹر میں داخل کر دیا جبکہ مو لوی زین اللہ خان جس کا تعلق پشاور سے بتایا جاتا ہے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس اس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے۔ دوسری جانب اے پی پی کے مطابق مانسہرہ میں دو ڈاکٹرز اور دو فی میل میڈیکل ٹیکنیشنز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق دو ڈینٹل ڈاکٹر اور ان کے ساتھ کام کرنے والی دو میڈیکل ٹیکنیشنز کو رپورٹ مثبت آنے پر قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔