لاہور(نیوز رپورٹر)گور نر پنجاب چوہدری سرور سے پاکستان علماء کونسل کے چیئر مین مولانا طاہر اشرفی، وفاق المدارس کے ناظم اعلی مولانا حنیف جالندھری سمیت35سے زائد علماء کرام کی ملاقات ہوئی۔ علماء نے گورنر پنجاب کو رمضان المبارک کے بارے میں 20نکاتی حکومتی احکامات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے نمازیوں سے بھی حکومتی اقدامات پر عمل کر نے کی اپیل کر دی جبکہ چوہدری سرور نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت مساجد اور مدارس کو بند نہیں کرنا چاہتی مگر کرونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات لازم ہو چکے ہیں۔ کرونا کیخلاف جنگ میں علماء کا کردار مثالی ہے۔ ہم سب نے ملکر کرونا کو شکست دینی ہے اور 22کروڑ پاکستانیوں کو کرو نا سے بچانا ہے۔ کرونا بحران سے مسائل کا شکار ہونیوالے غر یب خدانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہاؤس میں چوہدری سرور سے رابطہ المدارس کے صدر مولانا عبدالملک، وفاق المدارس شیعہ کونسل کے نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدا لخبیر آزاد، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، جامعہ نعیمہ کے ناظم اعلی ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء نے ملاقات کی۔ چودھری سرور نے کہا ہم علماء سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں20نکاتی پالیسی دی ہے اس پر عمل کیلئے علماء مساجد کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ نمازیوں کو مساجد میں آنے کیلئے کسی قسم کی مشکلات نہ آئیں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے حوالے سے علماء کے ساتھ مشاورت کے بعد جو نکات طے کیے ہیں ہم انشاء اللہ ان پر مکمل عملددرآمد کر یں گے۔ کرونا کیخلاف جنگ آج پوری پاکستانی قوم کی جنگ بن چکی ہے۔ ہم عوام کو پہلے بھی آگاہی دے رہے ہیں اور آئندہ بھی آگاہی دیں گے۔
کرونا سے بچاؤکے اقدامات لازم‘ حکومت مساجد‘ مدارس بند نہیں کرنا چاہتی: چوہدری سرور
Apr 19, 2020