لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مسجد رحمۃ للعالمینؐ کے قریب دھرنے پر پولیس آپریشن پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات سے حل ہو جانے والے مسئلہ کو تبدیل کر دیا گیا۔ حکومت فوری طور پر آپریشن بند کر کے مذاکرات کا راستہ اپنائے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ ٹکراؤ اور جبر کا راستہ اختیار نہ کیا جائے۔ مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کریں۔ ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران مظاہروں کو روکنے کے لئے مذاکراتی راستہ اپنائے۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت سے استدعا کی ہے کہ صلہ رحمی سے کام لے۔ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جلاؤ گھیراؤ کی پالیسی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پرامن احتجاج ملک کے ہر شہری کا حق ہے، مگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور سڑکوں کو جام کر کے عوامی مسائل میں اضافہ کرنا آئین پاکستان سے روگردانی ہے۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے علماء و مشائخ کے ہنگامی مشاورتی اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میںکہا گیا ہے استحکام پاکستان کیلئے علماء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ملکی مفاد کی خاطر فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار اداکرنے کے لیے تیار ہیں۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ پاک فوج کے سربراہان سے انتہائی دل سوزی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حالات کو مزید خراب ہونے سے بچائیں اور جمہوری طریقہ اختیار کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعہ معاملہ کو حل کیا جائے، جیسا کہ ماضی کے دھرنے والوں سے مذاکرات کئے جاتے رہے اور ملکی مفاد کے لئے اپنا دیانتدارانہ اور دلیرانہ کردار ادا کریں۔ پاکستان سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر سردار محمد طاہر ڈوگر، شریف الدین قذافی اور علامہ ثاقب رضا نے کہا ہے جنگ کے فیصلے بھی ہمیشہ مذاکرات کی میز پر ہوتے ہیں۔ افہام و تفہیم کے ذریعے ہی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ صرف مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا ہے کہ مسائل ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں۔ حالات کو بہتری کی طرف لے جانا حکومت کی پہلی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات سے مسئلہ حل کرے۔ رمضان المبارک کا مہینہ صبر و تحمل کا مہینہ ہے۔