آئی ایم ایف معاہدے کی تفصیلات کو پارلیمینٹ میں لایا جائے، نوابزادہ افتخار

Apr 19, 2021

خان گڑھ( خبر نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کے نتیجہ میں گیس کی قیمتیں بھی دگنی ہو گئی ہیں اور بجلی کی قیمتوں میں 5روپے سے زیادہ کا فی یونٹ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس سے ایک طرف غریب کا چولہا بجھے گا تو دوسری جانب ملکی پیداوار میں ہم بہت پیچھے چلے جائیں گے جو مستقبل کی ترقی میں رکاوٹ  بنے گی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تفصیلات کو پارلیمینٹ میں لانا چاہیے تاکہ اس پر بحث مباحثہ ہو جبکہ اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے قومی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئی ایم ایف کے قبضے میں دینے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ یہ ایک آرڈیننس کے تحت اس کی نگرانی چھیننا چاہ رہے ہیں۔ اس آرڈیننس کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو پاکستان کے آئین سے بالادست کرنا  چاہتے ہیں۔ اس آرڈیننس کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان پارلیمان اور عدالت کو جواب دہی سے آزاد ہو گا۔ اور اگر وہ کسی کو جواب دینے کا پابند ہو گا تو صرف آئی ایم ایف کو جبکہ حیران کن امر یہ ہے کہ یہ آرڈیننس آج تک پارلیمینٹ یا عوام کے سامنے نہیں لایا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمان میں چاہیے قومی اسمبلی ہو یا سینیٹ اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔

مزیدخبریں