قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج حکومت توہین آمیز خاکوں کیخلاف قرارداد پیش کریگی

Apr 19, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں آج دو دن کے وقفے کے بعد سہ پہر2بجے ہو گا۔ اجلاس میں ناموس رسالتﷺ اور توہین آمیز خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد پیش کی جائے گی۔ حکومت نے مغربی ممالک میں جاری توہین آمیز خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قرارداد حکومت اور اپوزیشن کے تمام ارکان کے دستخطوں کے ساتھ آج قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سپیکر آفس کے ذریعے اپوزیشن چیمبر سے رابطہ کیا گیا ہے۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں معاملے پر غور اور حتمی مسودہ مرتب کیا جائے گا۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں تمام پارلیمانی لیڈرز کے دستخطوں سے مسودہ تیار کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنمائوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر ایک بجے بلایا گیا ہے۔

مزیدخبریں