اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، کوئی مذاکرات کا عمل جاری ہے نہ ہی میرے نوٹس میں ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی نے احتجاج میں 192 مقامات بند کرنے کی کوشش کی، تحریکِ لبیک پر پابندی لگادی گئی ہے، جب تنظیم کالعدم قرار دی جاتی ہے تو اس کے اکاونٹس منجمد ہوتے ہیں۔شیخ رشید نے بتایا کہ صرف ایک جگہ چوک یتیم خانہ لاہور میں حالات ٹھیک نہیں جبکہ اس وقت جی ٹی روڈ، مری ایکسپریس وے سمیت تمام سڑکیں کھلی ہیں، پورے ملک میں شاہراہیں اور جی ٹی روڈ کھلے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ان شا اللہ 20 تاریخ کو بھی سڑکیں اور شاہراہیں کھلی رہیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے دوران پریس کانفرنس پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پوری امید ہے کہ جہانگیر ترین کہیں نہیں جائیں گے۔