قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد لانے کا فیصلہ

Apr 19, 2021 | 11:24

ویب ڈیسک

اسلام آباد:   قومی اسمبلی میں آج مغربی ممالک میں جاری گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ قرار داد لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قرارداد کی منظوری کے بعد ارکان کو اظہار خیال کیلئے مختصر وقت بھی دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قرارداد حکومت اور اپوزیشن ارکان کے دستخطوں سے پیش کی جائے گی۔ سپیکر آفس کے ذریعے اپوزیشن چیمبر سے رابطہ کیا گیا۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں معاملے پر غور اور حتمی مسودہ مرتب کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد تمام ارکان کے دستخطوں کے ساتھ آج پیش کی جائے گی۔

کمیٹی اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنمائوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر بلایا گیا ہے جس کے فوری بعد قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگا۔

 ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی میں میں بات چیت چل پڑی ہے۔ مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔ مذاکرات کا دوسرا دور آج دوبارہ ہوگا، امید ہے کالعدم ٹی ایل پی سے تمام معاملات طے پا جائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ایل پی نے 11 یرغمالی پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے۔کالعدم ٹی ایل پی کے لوگ جاچکے اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے، 192 ناکوں میں ایک ناکہ رہ گیا تھا اس میں بھی بہتری آگئی ہے، مذاکرات کی کامیابی میں حکومت پنجاب کا اہم کردار ہے۔

مزیدخبریں