لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں 16ویں روزے کو بھی سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی جاری رہی۔ حکومتی ادارے کسی بھی علاقے میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد میں ناکام رہے، جس سے پرچون سطح پر کھلے عام سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی جاری رہی۔ سرکاری نرخ نامے میں بعض سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی لیکن گراں فروشی کے باعث یہ کمی صارفین کو منتقل نہیں ہوئی۔ صارفین نے رابطہ کر کے بتایا کہ سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا درجہ اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت24 روپے تھی لیکن دکانداروں نے 32 روپے تک فروخت کئے۔ پیاز درجہ اول 63روپے کی بجائے 75روپے، ٹماٹر 90 روپے کی بجائے 125 روپے، لہسن دیسی 145روپے کی بجائے 170روپے، سبز مرچ اول 109روپے کی بجائے 130روپے، لیموں دیسی 460 روپے کی بجائے 660 روپے تک فروخت کئے گئے۔ پھلوں میں سیب ایک کلو سیب کالا کولو پہاڑی اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت 255 روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے 360روپے تک فروخت کئے۔ سیب سفید اول کی فی کلو قیمت 135روپے تھی لیکن 200 روپے تک فروخت کیا گیا۔ ایک درجن کیلا درجہ اول 140روپے کی بجائے 220روپے، کیلا دوئم درجن 88 روپے کی بجائے 125روپے، امرود 86 روپے کی بجائے 150 روپے، سٹرابری اول 190روپے کی بجائے 250روپے، کھجور ایرانی275 روپے کی بجائے 350 روپے، خربوزہ اول 100روپے کی بجائے 120 روپے اور ایک کلو تربوز 63 روپے کی بجائے 80روپے اور ایک کلو لوکاٹ 180روپے کی بجائے 255روپے تک فروخت کی گئی۔
پھل سبزیوں کی گرانفروشی جاری‘ دکاندار گاہکوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے
Apr 19, 2022