واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نیڈ پرائس نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ملکر خطے میں امن کے لئے کام کریں گے۔ پاکستان کو ایک اہم سٹیک ہولڈر سمجھتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ متعدد ایشوز پر رابطے میں ہیں۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ افغانستان کو محفوظ‘ مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو اہم شراکت دار اور ساتھی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ افغانستان پر پاکستان کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ تقریباً 75 برس سے پاکستان کے ساتھ ہمارا تعلق اہم رہا ہے۔ پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر کام کرنے کے متمنی ہیں۔ ملکر کام کرنے سے پاکستان اور خطے میں امن و خوشحالی ممکن ہے۔