یوم بدرآج عقیدت و احترام  سے منایا جائے گا

Apr 19, 2022

ملتان( سماجی رپورٹر)  یوم  بدر آج 17 رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔جماعت اسلامی خواتین ونگ کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی اور صدر پنجاب جنوبی تسنیم سرور نے کہا ہے کہ غزوہ بدر وہ فیصلہ کن اور تاریخ ساز جنگ تھی جس میں ملت اسلامیہ کی تقدیر اور دعوت حق کے مستقبل کا فیصلہ ہوا اس کے بعد آج تک مسلمانوں کو جتنی فتوحات اور کامیابیاں حاصل ہوئیں اور ان کی جتنی حکومتیں اور سلطنتیں قائم ہوئیں وہ سب اسی فتح مبین کی مرہون منت ہیں جو بدر کے میدان میں مٹھی بھر جماعت کو حاصل ہوئی۔ دریں اثناء متحدہ مسلم موومنٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت جنرل سیکرٹری حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن نے کی۔ حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن کا کہنا تھا کہ غزوہ بدر حق و باطل کے درمیان تفریق کا نام اورجرات،عزیمت و استقامت کا پیغام دیتا ہے۔ نائب صدر علامہ عون محمد نقوی، ایڈووکیٹ وسیم ممتاز،حافظ ظفر قریشی، شیخ ارشد محمود، ایوب مغل،ضلعی صدر ملک عمران یوسف، سنٹرل ایگزیکٹیو شیخ صلاح الدین نے کہا کہ غزوہ بدر نے یہ ثابت کردیا کہ ثابت قدمی، جذبہ جہاد،شوق شہادت، اطاعت امیر سے کڑے حالات کو اچھے حالات کی طرف موڑا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں