اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے سانحہ مری پر ایکشن لیتے ہوئے سابق کمشنر راولپنڈی گلزار شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا۔ سابق حکومت نے گلزار شاہ کو ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن تعینات کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے سانحہ مری سے متعلق دوبارہ تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع وفاقی حکومت کے مطابق ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ سانحہ مری کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت نے 3 اہم افسران کے تبادلے کر دیئے۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری مرجان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے سیکرٹری عملدرآمد سقرات امان رانا کو بھی ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے پی ایس او حیدر علی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ تینوں افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔