جسٹس فائز ریفرنس: عمران نے  اصرار کیا‘ فروغ نسیم: آپ کو ذمہ داری لینی چاہئے‘ فواد

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان نے خود جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا۔ عمران خان کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا لیکن حقائق کی تصحیح ضرور چاہتا ہوں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے کی سمری ایک حساس معاملہ تھا۔ اس وقت ملکی ماحول پہلے ہی بہت کشیدہ ہے اس لئے مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔ عدلیہ عمران خان کے خلاف بالکل نہیں ہے۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ عمران نے اے آر یو کے مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔ دریں اثناء فروغ نسیم کے بیان پر اپنے ردعمل میں اپنے ٹویٹ میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ فروغ نسیم بطور وزیر قانون آپ کو ذمہ داری لینی چاہئے‘ حقیقت یہ ہے کہ تمام معاملہ آپ نے کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کابینہ میں کہا ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنا حکومت کا کام نہیں‘ الزامات کے ثبوت ہیں تو بار ایسوسی ایشن ریفرنس کر لے۔ فواد چودھری کا  کہنا تھا کہ فروغ نسیم‘ آپ کے اصرار پر ریفرنس بھیجا گیا۔ فواد چودھری کے بیان پر دوبارہ اپنے ردعمل میں فروغ نسیم نے جسٹس فائز عیسیٰ کیس سے متعلق فواد چودھری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کی باتیں بکواس ہیں‘ وہ کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم کو خود کوئی ذمہ داری نہیں لینی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس فائز عیسیٰ سے متعلق ریفرنس کابینہ کے ذریعے نہیں گیا‘ فواد چودھری کابینہ اجلاس کے وہ منٹس دکھائیں جس میں انہوں نے ریفرنس کی مخالفت کی کیونکہ کابینہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس موجود ہوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن