اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یورپی یونین ممالک سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم کثیرالنوعیت تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف سے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین ممالک سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان یورپی یونین ممالک سے کثیرالنوعیت تعلقات کا خواہاں ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ رومانیہ کے سفیر نے ہر سطح پر سفارتی تعاون مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔