فیروزوالہ (نامہ نگار ) فیروزوالہ پولیس نے دو بین الاضلاعی منشیات کے سمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی افیون اور چرس برآمد کر لی ۔ ملزمان منشیات علاقہ غیر سے منگوا کر لاہورکے مختلف اضلاع میں سپلائی کرتے تھے ۔ ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار نے بتایا کہ ایس ایچ او فیروزوالہ عمر شیراز گھمن کو ٹاسک سونپا گیا جنہوں نے پولیس چوکی ونڈالہ دیال شاہ کے انچارج قاسم علی اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ونڈالہ نہر پر سپیشل ٹاسک پر ناکہ بندی کر کے آٹو رکشہ سوار دو بین الاضلاعی منشیات کے سمگلروں نادر علی اور فاروق کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے رکشہ کے خفیہ خانوں میں چھپائی ہوئی 52 کلو چرس اور20 کلو افیون اعلیٰ کوالٹی کی برآمد کر لی ۔ ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار نے بتایا کہ منشیات کے پکڑے جانے والے سمگلروں کا تعلق ضلع لودھراں سے بتایا گیا ہے ۔ ان ملزمان نے صنعتی ایریا کوٹ عبدالمالک میں عارضی رہائشی رکھ کر پشاور سے منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی کرنے کا مکروہ دھندا شروع کر رکھا تھا ۔