اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں خدمات سر انجام دینے والے پولیس سروس آف پاکستان کے ایس پی (گریڈ18) سے ایس ایس پی (گریڈ 19) کے عہدے پر تر قی پانے والے افسران کو بیجز لگانے کے حوالے سے تقریب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینٹرل آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔ انسپکٹر جنرل ،انعام غنی ، ڈی ائی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر افسران و ملازمان تقریب میںموجود تھے ۔انسپکٹر جنرل انعام غنی نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی افسران کی بہترین کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہے، سروس میں ترقی ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور عہدے کے ساتھ ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل انعام غنی ،ڈی آئی جی آپریشنز سعد اختر بھروانہ اور ڈی آئی جی (ایچ ار ایم ) علی احمد صابر کیانی نے ایس ایس پی کے عہدے پرترقی پانے والے افسران افنان امین، گلفام ناصر اور لیاقت حیات کوایس ایس پی کے بیجز لگائے ۔ ایس ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران افنان امین سینٹرل زون رحیم یار خان میں بطور سیکٹر کمانڈر، گلفام ناصر بطور اے آئی جی (اسٹاف ) جبکہ لیاقت حیات بطور اے آئی جی (ایچ ار ایم) اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔