اسلام آباد چیمبرآف کامرس کامیٹرو بس سروس کے افتتاح کا خیر مقدم 


اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے پشاور موڑ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک اسلام آباد میٹرو بس سروس کا افتتاح کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدام کا خیر مقدم کیا اور اسے مسافروں کی سہولت کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا دارالحکومت ہے لیکن میٹرو بس سروس کے علاوہ اس کے اہم روٹس پر ابھی تک پبلک ٹرانسپورٹ کی کوئی باعزت سہولت فراہم  نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف کی حکومت اسلام آباد کے تمام اہم روٹس پر معیاری پبلک ٹرانسپورٹ سروس متعارف کرانے پر غور کرے گی تاکہ عوام کو سفر میں بہتر سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے عوامی اہمیت کے تاخیر شدہ یا معطل شدہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے وزیر اعظم کی یقین دہانی کا بھی خیر مقدم کیا۔محمد شکیل منیر نے کہا کہ پبلک سیکٹر کے بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جاتے ہیں لیکن وہ مختلف رکاوٹوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کی لاگت کئی گنا بڑھ جاتی ہے اس کے علاوہ تکمیل میں بھی کافی وقت لگتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن