کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) عمر ایسوسی ایٹس اور عالمگیر جمخانہ نے نیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ آج رات ہوگا۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں عمر ایسوسی ایٹس نے ہیلا ڈوس آئس کریم کی ٹیم کو بائیس رنز سے شکست دی۔ عمر ایسوسی ایٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تراسی رنزبنائے۔ اعظم خان نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بائیس گیندوں پر انتالیس رنز کی اننگ کھیلی۔ اسد شفیق تینتیس، فہیم اشرف اکیس، عمر اکمل تیرہ اور کپتان سرفراز احمد پانچ رنز پر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے تین اور ارشد وزیر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ہیلا ڈوس آئس کریم کی ٹیم بیس اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اکسٹھ رنز بناسکی۔ عثمان مایا باسٹھ ، اسماعیل شاہ چونتیس اور خوشدل شاہ نو رنز بناکر نمایاں رہے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان نے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ میر حمزہ، محمد اصغر، فہیم اشرف اور دانش عزیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد عرفان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔دوسرے سیمی فائنل میں عالمگیر جمخانہ نے ارحم کرکٹ کلب کے خلاف تیرہ رنز سے کامیابی حاصل کی۔ عالمگیر جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک اٹھتر رنز بنائے۔ محمد طحہ چھتیس، سعود شکیل ستائیس اور عماد عالم پچیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ نہال رشید اور شاہ زیب احمد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ارحم سی سی آٹھ وکٹوں پر ایک سو پینسٹھ رنز بناسکی۔ سلیمان سلیم ستائیس، عمیر بن یوسف پچیس جبکہ کاشف علی، چوبیس، محمد وقاص چوبیس اور شہزاد بھٹی چوبیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسان خان اور عاشق علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر صائم ایوب مین آف دی میچ قرار پائے۔