اسلام آباد(نامہ نگار)سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال میں ترسیلات زر کی وصولیوں میں 7.07 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ترسیلات زر کی مجموعی وصولیاں 21 ارب 43 کروڑ 65 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔ تاہم جاری مالی سال کے اسی عرصہ میں جولائی تا مارچ کے دوران ترسیلات زر کی وصولیاں 22 ارب 95 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اہل وطن کو بھجوائی گئی رقوم میں ایک ارب 51 کروڑ 55 لاکھ ڈالر یعنی 7 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں ناروے سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی شرح میں 36.01 فیصد ، کینیڈا سے ترسیلات زر کی وصولی میں 29.06 فیصد کا دوسرا بڑا اضافہ ہوا ہے۔ یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 28.34 فیصد جبکہ آسٹریلیا سے رقوم کی وصولی میں 28.13 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ، امریکہ سے ترسیلات زر کی وصولیاں بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 20.81 فیصد زیادہ رہیں۔