کراچی (نیوز رپورٹر)موسمی حالات بالخصوص شدید 

Apr 19, 2022


گرمی کی لہر کی وارننگ کے با عث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سندھ نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) کے تعاون سے شدید گرمی سے متعلق ہنگامی صورتحال پر تربیتی سیشنز کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے۔ حکومت سندھ کے متعلقہ محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے لیے ٹریننگ سیشنز 18 اپریل 2022 سے 29 اپریل 2022 تک ریڈ کریسنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، کلفٹن کراچی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہلال احمر سندھ برانچ کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہم سب کو قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صوبائی سیکریٹری نے اورینٹیشن سیشن کے پہلے دن تمام ڈی سیز کی جانب سے نامزد کردہ محکمہ صحت اور ریونیو کے 85 سے زائد شرکاکو اکٹھا کرنے میں PDMAسندھ کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی سے متعلقہ ہنگامی حالات کے بارے میں آگاہی ہمارے لیے آنے والے دنوں میں بہت اہم ہے تاکہ جب شرکافرسٹ ایڈ کے علم کی مہارت اور تکنیک سیکھیں، تو وہ اپنی اور دوسروں کی زندگیاں بچا سکیں۔ امداد حسین صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر (Ops) نے PDMA کی جا نب سے افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے PRCS کا بھی شکریہ ادا کیا اور ٹرینرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بھی اس قسم کی تربیت دی جا نی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے دیگر اضلاع کے عہدیداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے لیے بھی اسی طرح کی اورینٹیشن تقریب کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے سندھ اس تناظر میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز اور لائن ڈپارٹمنٹس کے لیے ٹی او ٹی کا بھی اہتمام کرے گا۔ ٹریننگ کوآرڈینیٹر پاکستان ہلال احمر سندھ ڈاکٹر رضوانہ واصف نے کہا کہ تمام شرکانے سیشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس میں گرمی سے متعلق تمام ہنگامی صورتحال جیسے ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن، بیہوشی اور دیگر مسائل کا احاطہ کیا گیا۔

مزیدخبریں