لاہور(کامرس رپورٹر )سینئر تاجر رہنما شہزاد علی ملک (ستارہ امتیاز) کوایف پی سی سی آئی میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کا نیا مرکزی چیئرمین مقرر کر دیا گیا ۔ ان کے بڑے بھائی افتخار علی ملک خرابی صحت کے باعث عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔ تاہم افتخار علی ملک دو سال کی مدت پوری ہونے تک سارک چیمبر کے صدر کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ افتخار علی ملک نے اپنی بگڑتی ہوئی صحت کے باعث اس عہدے پر برقرار رہنے سے معذوری کا اظہار کیا اور اپنا استعفیٰ گروپ کی کور کمیٹی کو دو بارہ پیش کیا، جسے بالآخر منظور کر لیا گیا اور کمیٹی نے متفقہ طور پر اس عہدے پر شہزاد ملک کا تقرر کیا اور ان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں کیساتھ مل کر کام کریں گے اور کاروباری برادری کو درپیش شکایات دور کرنے کیلئے اپنی بھر پور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے افتخار علی ملک کی شاندار اور بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار اور دیانتدار تاجر رہنما ہیں۔ شہزاد ملک گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ کے سی ای او ، سابق صدر لاہور چیمبر اور چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ہیں، وہ چاول کے بڑے برآمد کنندگان میں بھی شامل ہیں۔
تاجر رہنما شہزاد علی ملک: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی چیئرمین مقرر
Apr 19, 2022