ملتان (نمائندہ نوائے وقت)ہنگو انتخابات، عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دیا۔ عمران خان نے ملک و قوم کی آزادی، خودمختاری کا جھنڈا اْٹھا رکھا ہے۔ امپورٹڈ حکومت انتخابات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے کہ پورے پاکستان سے ہنگو والے نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابقہ ضلعی نائب صدر پی ٹی آئی خواتین ونگ ملتان فرزانہ ارم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں تاکہ قوم خود اپنا وزیرا عظم چنے۔ شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے منصب پر بٹھانے والے وقتی طور پر خوشیاں منا لیں انہیں جلد اپنے کئے پر پچھتانا پڑے گا۔ ضلع ملتان کے عوام عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسے عوامی ریفرنڈم ثابت ہو رہے ہیں۔ عمران خان کے لاہور جلسہ میں ضلع ملتان کے عوام قافلوں کی صورت میں شریک ہو کر تاریخ رقم کریں گے۔