سیاسی جماعتیں دیواریں کھڑی نہیں کرتیں روڈ بناتی ہیں : یوسف رضا 

Apr 19, 2023


اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا کام موجودہ صورتحال میں راستہ نکالنا ہے۔ ایم کیو ایم رہنماﺅں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا ہم مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کریں گے، سیاسی جماعتیں دیواریں کھڑی نہیں کرتیں روڈ بناتی ہیں۔ عوام پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایسا لائحہ عمل بنائیں گے کہ ملکی معیشت سمیت حالات ٹھیک ہوں۔ ایم کیو ایم کے رہنما محمد ابوبکر نے کہاکہ ملک میں بحرانی صورتحال ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اٹھائے گئے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔ انتخابات سے نہیں بھاگ رہے، انتخابات اپنے وقت پر ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ہم نے میثاق جمہوریت کے مطابق آئین میں ترمیم کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ادارے اپنی اپنی حدود میں رہیں گے تو تصادم نہیں ہوگا۔ ادھر اے این پی کے وفد نے ایم کیو ایم رہنماﺅں سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ میاں افتخار اور زاہد خان پر مشتمل وفد پارلیمنٹ لاجز پہنچا تو ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی اسامہ قادری، صلاح الدین سمیت دیگر رہنماو¿ں نے استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مثبت جواب دیا، پارلیمنٹ سپریم ہے، آئین کی بالادستی کو ماننا ہوگا۔ جو ماورائے آئین قدم اٹھائے گا وہ قوم کا مجرم ہوگا۔ ملک کے حالات خراب ہوچکے ہیں، سیاسی لوگوں کو ہی ٹھیک کرنے کی ابتدا کرنی ہے۔ سیاسی‘ عدالتی، معاشی بحران ہے۔ امن و امان کا بھی بحران ہے، جینا بھی محال ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پوزیشن بنتی جارہی ہے کہ سیاسی لوگ ناکام اور غیر سیاسی لوگوں کامیاب ہو رہے ہیں، افہام وتفہیم سے تمام مسائل حل کرنے ہوں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما محمد ابو بکر نے کہا کہ 3 مئی کو اے این پی نے اے پی سی طلب کی ہے، ہمیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سیاسی سمیت دیگر بحرانوں سے نکلنے کے لئے دعوت دی ہے۔

مزیدخبریں