لاہور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں گندم‘ کھاد‘ چینی کی انسداد سمگلنگ اور قیمتوں میں استحکام سے متعلق فیصلے کئے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ سمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈا¶ن جاری رہے گا۔ پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔ چینی کی قیمتوں میں استحکام پر قائم کمیٹی شوگر ملز مالکان سے مذاکرات کرے گی۔ گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فرائض سرانجام دیں گے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر گندم کی غیرقانونی نقل و حمل اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مختلف اضلاع کی انتظامیہ کی طرف سے کارروائیاں جاری ہیِں۔ محکمہ خوراک ساہیوال کی ڈویژن بھر میں 4مختلف جگہوں پر گندم کی غیر قانونی کھیپ اضلاع سے باہر لے جانے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ ان 4جگہوں سے 66.25 میٹرک ٹن گندم قبضہ میں لے کر قریبی سنٹر پر منتقل کر دی گئی اور ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں اب تک چینی کی غیرقانونی طور پر زخیرہ کی گئی 50039بوریاں جبکہ 182 ٹن گندم برآمد کی گئی ہے۔ جبکہ حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ نے چھاپے مار کر گندم کی غیرقانونی ترسیل شدہ 4000 بوریاں پکڑ لی ہیں۔گندم، آٹا اور کھاد کی غیر قانونی ترسیل روکنے کےلئے سخت اقدامات کرتے ہوئے چیک پوسٹوں پر کیمرے نصب کر کے آن لائن مانیٹرنگ کی جانے لگی۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیرکے مطابق ڈی جی خان میں 3906 میٹرک ٹن گندم اور 107 میٹرک ٹن آٹا بحق سرکار ضبط کیا گیا، یکم سے 17 اپریل کے دوران چاروں اضلاع میں کھاد کی گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر بھی 75 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
گندم ، کھاد ، چینی کے سمگلروں کیخلاف کریک ڈاو¿ن جاری رہیگا : محسن نقوی
Apr 19, 2023