نیویارک (این این آئی)امریکی رکن کانگریس ایلیسا سلوٹکن نے کہا ہے کہ ری پبلکنز اور ڈیموکریٹ اراکین کانگریس امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ رہے ہیں کہ پاکستان میں جمہوری اقدار پر عمل یقینی بنایا جائے۔کانگریس وومن ایلیسا سلوٹکن نے یہ بات پاک پیک کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے مشی گن میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایلیسا سلوٹکن نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنے وطن کے بارے میں کس قدر فکر مند ہیں کہ وہ ترقی کرے اور وہاں جمہوریت پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور ری پبلکن اراکین کانگریس امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پر خط لکھ کر زور دے رہے ہیں کہ امریکا پاکستان پر دبا ڈالے کہ اسلام آباد انہی جمہوری اقدار کا احترام کرے جو امریکہ کو عزیز ہیں، ان اقدار میں آزادی اظہار، لوگوں کے اجتماع کی آزادی اور سب کو لے کر چلنا بھی شامل ہے۔ کانگریس وومن نے کہا کہ یوں تو ڈیموکریٹس اور ری پبلکن اراکین بہت سی چیزوں پر اختلافات رکھتے ہیں تاہم جلد ہی یہ اچھی خبر ملے گی ۔
ڈیموکریٹس ، ری پبلکن کے کئی چیزوں پر اختلافات : پاکستان میں جمہوری اقدار پر عمل کیلئے خط لکھ رہے ہیں
Apr 19, 2023