نئی دہلی (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں نے پیدا نہیں کیا، 50 فیصدی دہلی نے پیدا کیا ہے۔ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں کبھی بھی منصفانہ انتخابات نہیں کروائے، ایک بار تو نتائج ہی بدل دیے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو کشمیر کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔ وہ اپنے میں مست رہتے ہیں۔ بھارتی 'سینئر صحافی کرن تھاپر سے انٹرویو میں ستیہ پال ملک نے کہا کہ ہم نے جب بھی مودی سے کشمیر کی بات کی تو ان کی معلومات انتہائی سطحی تھی۔ دوسری جانب نئی دہلی کے زیرکنٹرول اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے بارہمولہ ضلع میں دوکشمیری نوجوانوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے ، جن میں سے ایک جاں بحق ہو چکا ہے۔بارہمولہ کے تھانہ شیری کے اہلکاروں نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت بارہمولہ میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں نوجوانوں کے خلاف فردچارج شیٹ دائر کی۔درگاہ حضرت بل سری نگر سے متصل کثیر المنزلہ شاپنگ کمپلیکس میں آتشزدگی سے بھاری مالی نقصان ہوگیا ہے۔ تین شاپنگ کمپلیکس اور سات رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔درگاہ حضرت بل میں کشمیر یونیورسٹی کے سر سید گیٹ کے بالکل سامنے واقع ایک کثیرالمنزلہ شاپنگ کمپلیکس میں پیر کو آگ لگ گئی جس کے شعلوں نے کمپلیکس کے دوسرے کمپارٹمنٹس کو بھی چشم زدن میں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس بھیانک واردات میں کروڑوں روپیہ مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔ جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے نشاندھی کی ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران بھی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو جیسی پابندیاں ہیں۔ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور دیگرشہروں اور قصبوں کی مساجد میں شب قدر کے موقع پر بھی لوگوں کو عبادت کرنے سے روک دیا گیا۔ ترجمان حریت کانفرنس نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران بھی مقبوضہ علاقے میں کرفیو جیسی پابندیوں کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر کے عوام کا فوجی محاصرہ کر رکھا ہے۔
بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں کبھی منصفانہ انتخابات نہیں کرائے : سابق گورنر ستیہ پال
Apr 19, 2023