لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس کے کچہ آپریشن کا دسواں دن، کوکانی گینگ کے مزید چار کارندے گرفتار کر لئے گئے۔ اب تک تین ڈاکو ہلاک ہوئے۔ گرفتاریوں کی تعداد 18 ہوگئی۔ پولیس دستوں کی پیش قدمی جاری ہے۔ قابل سکھانی کا محاصرہ اور دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ پولیس کو جزیرہ نما ٹھکانے پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت کچہ کریمینلز کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ گرفتار ہونے والوں سے دو عدد کلاشنکوف اور متعدد روند برآمد ہوئے۔ خفیہ ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے جس میں راکٹ لانچر، راکٹس، ہینڈ گرنیڈ، ایل ایم جیز شامل ہیں۔ پولیس اس وقت کچہ میں جزیرہ نما دریائی جنگل جس کے چاروں طرف دریا کا پانی بہہ رہا ہے میں محصور ڈاکو قابل سکھانی کے گرد گھیرا تنگ کئے ہوئے ہے۔ پولیس کی ایڈوانس پارٹیز میں اے ایس پی بھونگ شاہزیب چاچڑ، اے ایس پی صادق آباد حسیب جاوید میمن، ایس ایچ اوز سیف اللہ ملہی، نوید نواز واہلہ، رانا محمد رمضان، تنویر رضا جوندا، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس کی ٹیمز ڈی پی او رضوان کی زیرنگرانی کچہ کریمینلز کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں ہزاروں ایکڑ اراضی کو کلیئر کرواتے ہوئے پولیس کیمپ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔