ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں تقریب‘ مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے 

Apr 19, 2024

قصور(نمائندہ نوائے وقت )پولیس نے 12کروڑ 96 لاکھ مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا، ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کی وقار تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں آرپی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل، ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو،ایس پی انویسٹی گیشن شاہدخاں چدھڑ، سرکل افسران، ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران، ایم این اے سعد وسیم شیخ، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری، صدر و سیکرٹری بارقصور،ممبران امن کمیٹی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی، برآمد ہونیوالے مال مسروقہ میں نقدی 3 کروڑ 13 لاکھ 67 ہزار روپے، 3 کاریں، ایک ٹرک، ایک ٹیوٹا، 3 ٹریکٹر، ایک کنٹینر بمعہ دانہ بیگز، 376 موٹرسائیکل، 5 رکشہ، 57 مویشی، 47 موبائل فونز، 38 تولہ طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے، پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران315 ملزمان کو حراست میں لیا، منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران185 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ سامان واپس ملنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا، آر پی ا و شیخوپورہ ریجن نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس افسران و اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے،آر پی او شیخوپورہ ریجن تقریب کے دوران خطاب کرتے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ آر پی او شیخوپورہ ریجن نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

مزیدخبریں